حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف میں آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین کے مرکزی دفتر کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان پر بیان جاری کیا ہے جس ک امتن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحيم
الحمد لله على ما أبلى، وله الشكر على ما ألهم، والصلاة والسلام على المبعوث رحمة للعالمين، محمد بن عبد الله وعلى آله الغر الميامين، واللعنة الدائمة على أعدائهم أجمعين۔
قال الله عزّ وجلّ:
(إِنَّما يُوَفَّى الصَّـــابِرُونَ أَجْرَهُمْ بِغَيْرِ حِسَابٍ)
"بے شک صبر کرنے والوں کو ان کا اجر بے حساب دیا جائے گا۔"
صدق الله العلي العظيم
ہم نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کی خبر انتہائی مسرت اور فخر کے ساتھ سنی، جو کہ فلسطینی عوام کی حمایت میں صہیونی دشمن کے خلاف طویل جدوجہد کے بعد ممکن ہوئی۔ اس معرکے کے دوران ہمارے مجاہدین نے عزیمت، عزت، شرف اور شجاعت کی اعلیٰ مثال قائم کی، اور دنیا پر ثابت کیا کہ وہ درسگاہِ کربلا کے فرزند اور حیدر کرار علیہ السلام کے وارث ہیں۔ ان کے ساتھ پناہ گزین خاندانوں کا صبر بھی پہاڑوں کی مانند ثابت ہوا، جنہوں نے بے گھری کے باوجود استقامت کا مظاہرہ کیا۔
بالآخر اس جدوجہد کا اختتام فتحِ عظیم پر ہوا، جس کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے مومنین کو عزت بخشی، جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: (وَكانَ حَقًّا عَلَيْنا نَصْرُ الْمُؤْمِنِينَ)
"اور یہ ہمارا حق تھا کہ ہم ایمان والوں کی مدد کریں۔"
ہم امامِ زمانہ (عج) کی خدمت میں، لبنان کے عوام اور مجاہدین کی عظیم قربانیوں پر تعزیت پیش کرتے ہیں، خصوصاً حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ اور ان کے برادرِ عزیز علامہ سید ہاشم صفی الدین (رضوان اللہ علیھما) کی شہادت پر۔ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کے وارث، حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ شیخ نعیم قاسم (ایدہ اللہ)، کو ثابت قدمی اور حکمت کے ساتھ اس مشن کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
ہم زخمیوں کی جلد صحتیابی اور بے گھر خاندانوں کے لیے امن و سکون کے ساتھ گھروں کو واپسی کی دعا کرتے ہیں۔
لبنان کی پارلیمنٹ کے صدر جناب نبیہ بری کے کردار کو عزت و احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں، جنہوں نے مزاحمت اور سیاست کو بہترین حکمتِ عملی کے ساتھ یکجا کیا۔
ہم عراقی عوام کے وقار اور ان کے ثابت قدم موقف کی قدر کرتے ہیں اور ان تمام افراد اور ممالک، خصوصاً اسلامی جمہوریہ ایران، کے شکر گزار ہیں جو لبنانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
ہم بارگاہِ خداوندی میں دعا گو ہیں کہ امامِ زمانہ (عج) کی برکت سے لبنان اور اس کے عوام کو سلامتی، تحفظ اور امن عطا ف
رمائے۔
والسلام۔